فٹبال کوچ کو خاتون کیساتھ نازیبا تعلقات پر برطرفی کے بعد گرفتار بھی کرلیا گیا

فٹبال کوچ کو برطرفی کے چند گھنٹوں بعد ہی حراست میں لیا گیا


ویب ڈیسک December 11, 2025
مشی گن یونیورسٹی کی فٹبال ٹیم کے کوچ کو برطرف کردیا گیا

یونیورسٹی آف مشی گن کے فٹبال کوچ شیروون مور کو خاتون عملے کے ساتھ نازیبا تعلقات پر برطرف کرنے کے چند گھنٹوں بعد حراست میں بھی لے لیا گیا۔

یونیورسٹی آف مشی گن کے فٹبال کوچ شیروون مور پر الزام تھا کہ انھوں نے ٹیم کے عملے میں شامل ایک خاتون کے ساتھ نامناسب تعلق قائم کیا تھا۔

بعد ازاں کوچ شیرون مور اُن خاتون کے ساتھ نامناسب رویّے اور استحصال کے مرتکب بھی پائے گئے تھے جس پر انھیں ملازمت سے برطرف کردیا گیا تھا۔

اس کے چند گھنٹوں بعد ہی مبینہ حملے کے الزام میں شیروون مور کو حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا گیا جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں اس لیے تفصیلات نہیں بتائی جا سکتیں البتہ کیس پراسیکیوٹر کو بھیج دیا گیا ہے۔

قبل ازیں یونیورسٹی آف مشی گن نے فٹبال کوچ کی برطرفی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک اندرونی تفتیش میں قابل اعتماد شواہد ملنے پر یہ فیصلہ لیا گیا۔

یونیورسٹی ایتھلیٹک ڈائریکٹر کے بقول فٹبال کوچ نے عملے کی رکن کے ساتھ نامناسب تعلقات قائم کیے جو یونیورسٹی پالیسی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

شیروون مور کی برطرفی کے ساتھ یونیورسٹی آف مشی گن نے بِف پوگی کو فٹبال ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔

یاد رہے کہ شیروون مور کو چالاکی سے مخالف ٹیم کے گیم پلان سے متعلق آن فیلڈ اشارے دیکھنے کے الزام میں سیزن سے پہلے ہی دو میچوں کی معطلی کا سامنا تھا۔

مقبول خبریں