پشاور میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کی گیارہویں برسی پر خصوصی تقریب

شہداء کے لواحقین کا فتنۃ الخوارج کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ


ویب ڈیسک December 17, 2025

پشاور:

سانحہ اے پی ایس کی گیارہویں برسی کے موقع پر آرمی پبلک اسکول وارسک روڈ میں قائم یادگار شہداء پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

 تقریب میں سانحہ کے غازیوں یعنی حادثہ کے وقت اسکول میں موجود طلباء نے خصوصی شرکت کی، متعدد اے پی ایس پشاور کے غازی طلباء اب پاک فوج میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

غازیوں میں پاک فوج کے ان افسران نے بھی خصوصی شرکت کی جو اے پی ایس پشاور کے سابق طلباء رہ چکے تھے، تقریب میں غازیوں کے ساتھ شہداء کے لواحقین، اساتذہ، طلباء اور اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔

بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے ٹیبلوز میں شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، شہداء کے لواحقین نے گیارہویں برسی پر فتنۃ الخوارج کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر غازی اے پی ایس کیپٹن باطور خٹک کا کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس نے میری پوری زندگی کا رخ بدل کر رکھ دیا، 16 دسمبر 2014 کو عہد کیا کہ شہداء کی کہانی مجھ پر ختم نہیں ہوگی، اسی لیے پاک فوج کا بامقصد طور پر انتخاب کیا۔

کیپٹن حرا نے کہا کہ اے پی ایس کے شہید حیات اللہ کی بہن ہونے پر آج بھی سر فخر سے بلند ہے، شہادت کے دن بھائی سے وعدہ کیا تھا کہ اس کے آرمی آفیسر بننے کے خواب کو خود پورا کروں گی، شہید کی والدہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن بہت بڑا دن ہے، جسے ہم کبھی نہیں بھول سکتے۔ ہم اُن تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادر وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہید کے والد نے بھرپور عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک سرزمین کی حفاظت کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

 اے پی ایس کے طلباء نے 16 دسمبر کو محض ایک تاریخ نہیں بلکہ قومی ترقی کا ایک عہد قرار دیا، طلبا کا کہنا تھا کہ ہم دشمن سے خوفزدہ نہیں، ہم علم کے سپاہی ہیں اور ہر قدم پر شہداء کی قربانی یاد رکھتے ہیں۔ ملکی دفاع و سالمیت کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اور سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

مقبول خبریں