عثمان ہادی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان بھارت فرار ہوگئے، بنگلہ دیشی پولیس کا دعویٰ

پولیس کے مطابق سرحد پار کرنے میں مدد دینے کے شبہے میں دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے


ویب ڈیسک December 19, 2025

بنگلہ دیشی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ شریف عثمان ہادی پر فائرنگ کرنے والا ملزم فیصل کریم مسعود اور اس کا ساتھی موٹر سائیکل سوار عالمگیر شیخ حملے کے فوراً بعد بھارت فرار ہو گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان جمعے کے روز میمن سنگھ کے علاقے ہلوآ گھاٹ کے راستے سرحد عبور کر کے بھارت داخل ہوئے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز ملزمان میرپور سے غازی پور گئے، بعد ازاں مختلف گاڑیاں تبدیل کرتے ہوئے سرحدی علاقے تک پہنچے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے ڈھاکا میں بھارتی ہائی کمشنر پرنئے ورما کو طلب کر کے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ملزمان بھارتی حدود میں موجود ہوں تو انہیں گرفتار کر کے بنگلہ دیش کے حوالے کیا جائے۔

ڈھاکا میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق سرحد پار کرنے میں مدد دینے کے شبہے میں دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ موٹر سائیکل کے مالک محمد عبدالحنان کو بھی گرفتار کر کے ریمانڈ پر لیا گیا ہے۔

پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ فیصل کریم مسعود ہی عثمان بن ہادی پر فائرنگ کرنے والا مرکزی ملزم ہے جبکہ عالمگیر شیخ سیاسی تنظیم چھاترا لیگ سے وابستہ رہا ہے۔ تفتیش جاری ہے تاہم ملزمان کے موجودہ ٹھکانے سے متعلق حتمی معلومات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔

واضح رہے کہ شریف عثمان بن ہادی کو پرانا پلٹن کے علاقے میں اس وقت سر میں گولی ماری گئی جب وہ بیٹری رکشہ میں سفر کر رہے تھے۔ وہ اس وقت ڈھاکا کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

مقبول خبریں