شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات کسی بھی صورت تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہے، نارتھ ناظم آباد پیپلز چورنگی سائیکل مارکیٹ کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پیپلزچورنگی کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار کو کچلا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل مکمل تباہ ہوگئی جبکہ 22 سالہ نوجوان مطیع اللہ کی ایک ٹانگ شدید زخمی ہوئی۔
واقعے کے بعد زخمی نوجوان کو طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ وقوعہ پر مشتعل افراد نے پتھراؤ کر کے واٹر ٹینکر کا ونڈ اسکرین توڑ دیا اور اُسے نذر آتش کرنے کی کوشش کی جسے ڈی ایس پی ناظم آباد نے ناکام بنادیا۔
حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تھا جسے پولیس نے سخت جدوجہد کے بعد گرفتار کر کے تھانے منتقل کردیا۔
اس حوالے سے ڈی ایس پی ناظم آباد کمال نسیم نے بتایا کہ وہ مذکورہ مقام سے گزر رہے تھے کہ حادثہ دیکھ کر رک گئے اس دوران مشتعل افراد کی جانب سے واٹر ٹینکر کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی اور ٹینکر کے کیبن میں آگ لگائی گئی جو کہ ایک گتے میں لگی تھی جسے فوری طور پر ٹینکر سے باہر نکال کر صورتحال پر قابو پالیا۔
ہیڈ محرر تھانہ تیموریہ ناظم سعید نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر واٹر ٹینکر کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے سخت جدوجہد کے بعد ذمہ دار ڈرائیور عادل کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کردیا ہے جس سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن چوہدری شاہد کے مطابق حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان کی ایک ٹانگ شدید متاثر ہوئی ہے جسے بعدازاں ناظم آباد میں قائم نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔