ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلیے سری لنکن ٹیم میں بڑی تبدیلی

سابق سلیکشن کمیٹی کی جانب سے منتخب کردہ 25 رکنی ابتدائی اسکواڈ کو برقرار رکھا گیا ہے


اسپورٹس ڈیسک December 20, 2025

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے سری لنکن ٹیم میں بڑی تبدیلی کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ داسن شاناکا آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اختتام تک سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان رہیں گے۔

نئے چیف سلیکٹر پرموڈیا وکرماسنگھے نے ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے اس فیصلے کی تصدیق کی۔

اس سے قبل اپُل تھرنگا کی سربراہی میں سابق سلیکشن کمیٹی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کپتانی کی تبدیلی پر غور کر رہی تھی۔

پرموڈیا وکرماسنگھے کے مطابق ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا اور ہائی پرفارمنس کے سربراہ جیروم جے رتنئے سے مشاورت کے بعد یہی طے پایا کہ سابق کمیٹی کی جانب سے منتخب کردہ 25 رکنی ابتدائی اسکواڈ کو برقرار رکھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاناکا کو ایک آل راؤنڈر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور ٹیم میں ان کے کردار پر مزید بات چیت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں کھیلی گئی سہ ملکی سیریز میں، چارتھ اسالنکا کی علالت کے باعث شاناکا کو عارضی کپتان بنایا گیا تھا۔

اگرچہ سری لنکا کو اس ٹورنامنٹ میں زمبابوے کے خلاف شکست ہوئی تھی، تاہم ٹیم فائنل تک پہنچی جہاں پاکستان نے آسانی سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اگرچہ اسالنکا کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے، مگر وہ اسکواڈ کا حصہ برقرار ہیں۔

ان کی محدود اوورز میں حالیہ فارم کمزور رہی ہے، تاہم سلیکٹرز کے مطابق وہ اب بھی مستقبل کے منصوبوں میں شامل ہیں۔

ابتدائی اسکواڈ میں نیروشن ڈکویلا کی بھی واپسی ہوئی ہے، جنہیں وکٹ کیپنگ ٹاپ آرڈر بلے باز کی ضرورت کے تحت دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔

 

مقبول خبریں