شکستوں کے گرداب میں پھنسی پاکستان ہاکی ٹیم ایک اور مشکل کا شکار ہوگئی

کھلاڑی شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، کئی نے ادھار لینا شروع کردیا


میاں محمد اصغر December 21, 2025

لاہور:

شکستوں کے گرداب میں پھنسی پاکستان ہاکی ٹیم ایک اور مشکل کا شکار ہوگئی۔

 پلیئرز کو تاحال ڈیلی الائونسز کی ادائیگی نہ ہو سکی جس کی وجہ سے نیا بحران سامنے آ سکتا ہے، کھلاڑی شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، کئی نے روزمرہ کے اخراجات پورے کرنے کیلیے ادھار لینا شروع کردیا۔

 فیڈریشن کی جانب سے بار بار دی جانے والی یقین دہانیاں تاحال عملی شکل اختیار نہیں کر سکیں، پرو ہاکی لیگ کیلیے حکومت کی طرف سے پی ایچ ایف کو 25 کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی تھی جس کے بعد امید تھی کہ کھلاڑیوں کو ڈیلی الائونسز کی ادائیگی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

حکام کی جانب سے یہ دعوی بھی کیا گیا کہ حکومتی فنڈز اتنے زیادہ ہیں کہ کھلاڑیوں کے واجبات باآسانی ادا کیے جا سکتے ہیں تاہم زمینی حقائق برعکس نظر آ رہے ہیں۔

قومی ٹیم کی ارجنٹائن روانگی سے قبل لاہور میں شیڈول تقریب کے دوران جب پلیئرز کو ادائیگیوں کے حوالے سے میڈیا نے سوال اٹھایا تو صدر پی ایچ ایف میر طارق بگٹی کا کہنا تھا کہ یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے، جلد ہی پلیئرز کو ادائیگی کر دی جائے گی، انہوں نے حکومت کی طرف سے 25کروڑ روپے گرانٹ ملنے کی تصدیق بھی کر دی تھی۔

 ڈیلی الائونس کے منتظر ایک کھلاڑی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مینجمنٹ کی یقین دہانیوں کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے، نومبر میں دورہ بنگلہ دیش کیلیے لگائے گئے کیمپ کے ڈومیسٹک اور وہاں میچز کے انٹرنیشنل الائونسز بھی تاحال ادا نہیں کیے گئے، اس تاخیر نے کھلاڑیوں کو شدید مالی مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق ٹیم کے بیشتر کھلاڑی مالی مسائل سے دوچار ہیں، بعض نے بتایا کہ گھر والوں کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے جبکہ ٹریننگ اور غذائی اخراجات کیلیے بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اس صورتحال نے ٹیم کے مجموعی مورال پر منفی اثرات مرتب کیے جو کارکردگی پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ہاکی فیڈریشن اور کھلاڑیوں کے ڈیلی الائونسز سے متعلق خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔ بعض مواقع پر واجبات کی ادائیگی کے دعوے کیے گئے مگر تازہ اطلاعات کے مطابق متعدد کھلاڑی اب بھی اپنے بقایاجات کے منتظر ہیں۔

مقبول خبریں