واشنگٹن: امریکی محکمۂ انصاف نے بدنام زمانہ مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق مزید ہزاروں دستاویزات جاری کر دی ہیں، جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق نئی ای میلز بھی سامنے آئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق نئی دستاویزات میں تقریباً 11 ہزار فائلیں شامل ہیں، جن پر مشتمل 30 ہزار صفحات میں بڑی تعداد میں مواد کو خفیہ رکھا گیا ہے۔
ان دستاویزات میں ایک ایسی ای میل بھی شامل ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایپسٹین کے نجی طیارے میں ماضی میں رپورٹ ہونے سے کہیں زیادہ سفر کیے۔
بی بی سی اور دیگر عالمی میڈیا کے ابتدائی جائزے کے مطابق کچھ ای میلز اور خطوط ایسے ہیں جن میں معروف شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں، جن میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن، برطانوی شہزادہ اینڈریو اور دیگر مشہور شخصیات شامل ہیں۔
دستاویزات میں شامل ایک ای میل چین میں فلائٹ ریکارڈز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 1993 سے 1996 کے دوران کم از کم آٹھ پروازوں میں سفر کیا، جن میں بعض پروازوں میں ایپسٹین اور گھسلین میکسویل بھی موجود تھیں۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے ان دستاویزات کے اجرا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایپسٹین سے ماضی میں محض تعارف رکھنے والے بے گناہ افراد کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ سیاسی کامیابیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
واضح رہے کہ کانگریس کی جانب سے منظور کیے گئے قانون کے تحت ایپسٹین فائلز کی مکمل اشاعت کا حکم دیا گیا تھا، تاہم تاخیر کی وجہ متاثرین کی شناخت کو خفیہ رکھنے کا عمل بتایا جا رہا ہے۔