راولپنڈی:
والد نے غیرت کے نام پر اپنی بیٹی اور اس کے مبینہ آشنا کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی کی تحصیل گوجرخان کے علاقے میں غیرت کے نام پر دہرے قتل کی واردات ہوئی، جس میں والد نے فائرنگ کرکے بیٹی اور اس کے مبینہ آشنا کو قتل کردیا ۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتولین میں شنائل اور رحمان اللہ شامل ہیں جب کہ فائرنگ کی زد میں آکر ملزم کی اہلیہ بھی زخمی ہوئی۔ قتل کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی گوجرخان دانیال کاظمی اور ایس ایچ او گوجرخان طیب ظہیر موقع پر پہنچے۔
پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے لاشوں کو اسپتال منتقل کیا اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے واردات کے بعد خود کو سرینڈر کردیا ہے۔
واقعے کی ملنے والی تفصیلات کے مطابق تکیہ بابا رحیم شاہ کے علاقے میں مقیم ندیم اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہائش پذیر ہے جب کہ اس کی بیٹی مسماۃ شنائل علاقے کے میڈیکل کمپلیکس میں ملازمت کرتی تھی اور اس کی ایک دوسری جگہ رشتے کی بات بھی چل رہی تھی۔
بدھ کی صبح ندیم نے گھر میں بیٹی کے ساتھ رحمان اللہ نامی نوجوان کو دیکھا تو اشتعال میں آکر فائرنگ شروع کرد، جس کے نتیجے میں اس کی بیٹی شنائل ، نوجوان لڑکا رحمان اللہ شدید زخمی ہو گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ فائرنگ کی زد میں آکر ملزم کی اہلیہ بھی 3 گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئی، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔