کرسمس کے موقع پر صدر اور وزیراعظم کے پیغامات، مسیحی برادری کی قومی خدمات کو خراج تحسین

مذہبی آزادی و باہمی احترام ہمارے قومی عزم کی بنیاد ہیں، صدر آصف علی زرداری


ویب ڈیسک December 25, 2025

اسلام آباد:

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے کرسمس کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ کرسمس امید، امن اور ہمدردی کا پیغام لے کر آتا ہے، جبکہ محبت اور انسانیت کی خدمت ہمیں باہمی رشتوں اور مشترکہ اقدار کی یاد دلاتی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا وژن آزادی اور سب کے لیے برابری پر مبنی تھا، اور مذہبی آزادی و باہمی احترام ہمارے قومی عزم کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے مسیحی شہریوں کی خدمات کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری نے سیاست، دفاع، تعلیم، صحت اور دیگر اہم شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

صدر مملکت نے مسیحی برادری کو کرسمس اور نئے سال کی نیک تمنائیں بھی پیش کیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی کرسمس کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے محبت، امن اور رواداری کا پیغام ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت اور ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں مسیحی برادری کا مثبت اور فعال کردار قابلِ تحسین ہے، جبکہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف جدوجہد میں مسیحی برادری کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کو یکساں مواقع اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام طبقات مل کر ایک مضبوط، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ کرسمس کا یہ دن مسیحی برادری اور پورے ملک کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کی نوید ثابت ہو۔

مقبول خبریں