امریکا میں سفارت خانہ پاکستان میں کرسمس کے حوالے سے خصوصی تقریب

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کرسمس کے موقع پر خصوصی پیغام دیا


ویب ڈیسک December 25, 2025

امریکا میں سفارت خانہ پاکستان میں کرسمس کے حوالے سے خصوصی تقریب ہوئی جس میں کرسمس کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں بھرپور شمولیت کی گئی۔

اس موقع پر کیک کاٹنے کے ساتھ ساتھ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اسٹاف کو تحائف پیش کے، سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کرسمس کے موقع پر خصوصی پیغام دیا اور امریکا،  پاکستان  اور دنیا بھر  کی مسیحی برادری کو کرسمس  اور نئے سال  کی مبارکباد دی۔

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ کرسمس صرف عیسائیت کے پیروکاروں کے لیے  ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لوگوں کے لیے خوشی کا موقع ہے، پاکستان کثیر الثقافتی، کثیر لسانی اور کثیر النسلی معاشرہ ہے جہاں    کی سماجی، ثقافتی، مذہبی اور دیگر روایات ہزاروں سالوں میں  پروان چڑھی  اور پختہ ہوئی ہیں۔

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ اختلافات کی بجائے مشترکات پر  مبنی  شناخت اور تعاملات نہ صرف   ہمارے  آج  کو بہتر بنائے  گی بلکہ ہم آہنگی اور بین المذاہب بقائے باہمی کو بھی برقرار رکھے گی، تمام مذاہب کا احترام اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا انسانیت کے رشتوں کو مضبوط کرتا ہے۔

ہم مسلمان اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ مسیح خدا کے برگزیدہ رسولوں میں سے ایک نبی  تھے جو  لائق تکریم ہیں۔

  اقوام متحدہ کی متعلقہ  قراردادیں بین المذاہب ہم آہنگی  کے حوالے سے   عالمی اتفاق رائے کی  نمائندگی کرتی    ہیں اور انسانی حقوق کے عالمی طور پر تسلیم شدہ فریم ورک کے دائرہ کار میں  منافرت   کی حوصلہ شکنی کرتی ہیں۔

مسیحی  برادری کو کرسمس کی خوشیاں مبارک ہوں: سفیر پاکستان 

ہم دعا گو ہیں  کہ نیا سال 2026 پوری دنیا کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی لائے اور کرسمس کا جذبہ نہ صرف 2026 میں بلکہ آنے والے تمام مہینوں اور سالوں میںجاری رہے ۔

مقبول خبریں