اسپیکر کے پی اسمبلی کی وزیراعظم سے امن جرگے کے فیصلوں پرعمل درآمد کیلئے تعاون کی درخواست

سیکیورٹی چیلنجز کا حل صرف فوجی کارروائیوں تک محدود نہیں بلکہ جامع مشاورت، سیاسی ہم آہنگی کے ذریعے ہی دیرپا امن ممکن ہے


شاہد حمید December 25, 2025
فوٹو: فائل

پشاور:

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے منعقدہ خیبرپختونخوا امن جرگہ 2025 کا متفقہ اعلامیہ وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کر دیا اور فیصلوں کو حقیقی معنوں میں نافذ کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے تعاون کی درخواست کی ہے۔

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کی جانب سے وزیراعظم کو ارسال کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا امن جرگہ 2025 صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا کے منتخب نمائندگان، مختلف سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈرز اور متعلقہ اداروں کی مشاورت سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد صوبے میں امن، استحکام اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا تھا۔

اعلامیے میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کو درپیش پیچیدہ سیکیورٹی چیلنجز کا حل صرف فوجی کارروائیوں تک محدود نہیں بلکہ جامع مشاورت، سیاسی ہم آہنگی اور عوامی اعتماد کے ذریعے ہی دیرپا امن ممکن ہے۔

اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ امن جرگے میں شریک تمام فریقین کے اتفاق رائے سے ایک مشترکہ اعلامیہ منظور کیا گیا، جسے صوبے میں امن و استحکام کے لیے رہنما فریم ورک قرار دیا گیا ہے۔

اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اپنے خط میں واضح کیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے سیکیورٹی اس مشاورتی عمل کو آئندہ بھی جاری رکھے گی اور سیکیورٹی اداروں سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی آرا کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تشکیل دی جائے گی۔

انہوں نے امن جرگے کے اعلامیے کو حقیقی معنوں میں نافذ کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے تعاون کی درخواست بھی کی ہے تاکہ صوبے میں پائیدار امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

مقبول خبریں