زیارت میں قائداعظم ریزیڈنسی پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، کور کمانڈر بلوچستان، آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ قبائلی عمائدین، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے معزز مہمانوں سمیت تقریب میں مقامی شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔
قائداعظم ریزیڈنسی پر ہونے والی اس تقریب کے دوران بچوں نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کر کے بابائے قوم کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے قائداعظم کی بے مثال قومی خدمات اور شاندار قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد کے افکار، ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
تقریب میں شریک شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کے قیام کی خاطر قائدین نے عظیم قربانیاں دیں، اُن کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
تقریب کے دوران ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاکا بھی اہتمام کیا گیا۔