سیلفی نہ بنوانے پر مداح بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا پر برہم، نازیبا الفاظ کہہ ڈالے

مداح کی نامناسب حرکت کے باوجود ہاردک پانڈیا نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا اور خاموشی سے آگے بڑھ گئے


ویب ڈیسک December 26, 2025

بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو سیلفی نہ لینے کے معاملے پر ایک مداح کی جانب سے ناخوشگوار رویے کا سامنا کرنا پڑا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز بھارت میں کرسمس کے موقع پر پیش آیا، جب ہاردک پانڈیا اپنی گرل فرینڈ ماہیکا شرما کے ہمراہ ایک ریسٹورنٹ سے باہر آ رہے تھے۔ اس دوران وہاں موجود مداحوں نے ہاردک پانڈیا کو گھیر لیا اور سیلفی لینے کی درخواستیں کرنے لگے۔

ہاردک پانڈیا نے صورتحال کو سنبھالتے ہوئے سب سے پہلے ماہیکا شرما کو بحفاظت گاڑی میں بٹھایا، جس کے بعد وہ خود مداحوں کے درمیان آئے اور متعدد افراد کے ساتھ سیلفی بھی لی۔ تاہم اسی دوران ایک مداح بار بار ہاردک پانڈیا کو سیلفی کے لیے آوازیں دیتا رہا۔

بار بار اصرار پر ہاردک پانڈیا نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ "لے تو لی ہے، اور کتنی لوگے؟" اس کے بعد وہ واپس جانے لگے تو مذکورہ مداح نے غصے میں آ کر ان سے بدتمیزی کرتے ہوئے کہا ’’بھاڑ میں جا‘‘۔

مداح کی اس نامناسب حرکت کے باوجود ہاردک پانڈیا نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا اور خاموشی سے آگے بڑھ گئے۔

 

مقبول خبریں