لاہور:
شاہدرہ کے علاقے میں 6 سالہ بیٹی کو قتل کرنے والی سوتیلی ماں کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے قتل کی سنگین واردات کا نوٹس لیا تھا۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شاہدرہ رانا عمر دراز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی۔
انچارج انویسٹی گیشن شاہدرہ رانا عمر دراز نے بتایا کہ ملزمہ نے اپنی سوتیلی بیٹی 6 سالہ کنزالایمان کو تشدد کر کے قتل کر دیا تھا۔
ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کے مطابق مدعی مقدمہ سید عابد حسین نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے دی تھی اور 3 بچے اسی کے پاس تھے، درندہ صفت ملزمہ سنگین واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئی تھی۔ گرفتار ملزمہ کے خلاف مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کے مطابق ملزمہ کو مختلف معلومات سمیت ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزمہ اب پولیس کی گرفت میں ہیں مضبوط چالان مرتب کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائےگی۔ جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی طرف سے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا گیا۔