سوڈان میں انسانی بحران شدید، تین دن میں 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر

اپریل 2023 سے جاری جنگ کے باعث اب تک ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد افراد ملک کے اندر اور باہر بے گھر ہو چکے ہیں


ویب ڈیسک December 29, 2025

اقوام متحدہ کے مطابق سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے باعث صرف تین دنوں کے دوران دس ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

یہ صورتحال شمالی دارفور اور جنوبی کردفان کی ریاستوں میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان شدید لڑائی کے نتیجے میں پیدا ہوئی۔

اقوام متحدہ سے وابستہ بین الاقوامی تنظیم برائے ہجرت (آئی او ایم) کے مطابق شمالی دارفور کے شہروں ام برو اور کرنوی سے سات ہزار سے زیادہ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے، جن پر حالیہ دنوں میں آر ایس ایف نے قبضہ کر لیا تھا۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ جنوبی کردفان میں بھی حالات انتہائی سنگین ہیں، جہاں کادوقلی شہر سے تین ہزار سے زائد افراد فرار ہو گئے۔ یہ شہر اس وقت فوج کے کنٹرول میں ہے جبکہ آر ایس ایف نے اس کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں قحط جیسی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔

اسی دوران جنوبی کردفان کے علاقے ابو جبیہہ میں آگ لگنے کے باعث بے گھر افراد کی کم از کم 45 عارضی پناہ گاہیں جل کر تباہ ہو گئیں، جس سے انسانی بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق آر ایس ایف نے حالیہ دنوں میں شمالی دارفور کے شہروں ابو قمرہ اور ام برو پر قبضے کا اعلان کیا ہے، جبکہ فورسز سوڈان کی شمال مغربی سرحد کے قریب دیگر علاقوں کی جانب بھی پیش قدمی کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ سوڈان کی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان اپریل 2023 سے جاری جنگ کے باعث اب تک ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد افراد ملک کے اندر اور باہر بے گھر ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق یہ بحران اس وقت دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں شمار کیا جا رہا ہے، جہاں خوراک، ادویات اور صاف پانی کی شدید قلت ہے۔

مقبول خبریں