معروف برطانوی باکسر حادثے میں زخمی، دو ٹیم ممبر ہلاک

ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ گاڑی تیز رفتاری میں اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہو گئی تھی، ایف آر ایس سی


اسپورٹس ڈیسک December 30, 2025

معروف برطانوی باکسر انتھونی جوشوا نائیجیریا میں ایک کار حادثے میں زخمی ہوگئے جبکہ ان کے دو ٹیم ممبر ہلاک ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سابق عالمی ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن انتھونی جوشوا کی گاڑی کو نائجیریا کی ریاست اوگون میں حادثہ پیش آیا۔

نائیجیرین پولیس کا کہنا ہے کہ کہ انتھونی جوشوا کی گاڑی راستے میں کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی تھی۔ حادثے میں برطانوی باکسر کو معمولی زخم آئے تاہم اس افسوسناک واقعے میں ان کے دو قریبی دوست اور ٹیم کے ارکان جان کی بازی ہار گئے۔

جوشوا کو احتیاطی طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔

اوگون اسٹیٹ پولیس کمانڈ نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔

نائجیریا کی فیڈرل روڈ سیفٹی کور کے مطابق ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ گاڑی تیز رفتاری میں اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہو گئی اور سڑک کنارے کھڑے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔

نائجیریا کے صدر بولا احمد ٹینوبو نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جوشوا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور اسے ایک دلخراش حادثہ قرار دیا۔

مقبول خبریں