دیر، چترال، جنوبی وزیرستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری، سردی بڑھ گئی

آج سے 2 جنوری تک بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے


ویب ڈیسک December 30, 2025
فوٹو: فائل

پشاور:

مغربی سسٹم کے زیر اثر خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا اور دیر لوئر کے شہری علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

وادی کمراٹ، جہاز بانڈہ، باڈگوائی، لواری ٹنل، کلپانی، شاہی اور بن شاہی پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، بارش و برف باری شروع ہوتے ہی شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

برف باری شروع ہوتے ہی سیاحوں نے موسم کا لطف اٹھانے کے لیے سیاحتی مقامات کا رخ کر لیا۔ بارش و برف باری کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔

چترال

چترال میں گزشتہ رات سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی کالاش، لواری ٹنل روڈ، مڈک لشٹ اور گرم چشمہ ایریا میں برف پڑی ہے۔

اپر چترال کے یارخون، بروغل اور شندور میں برفباری ہوئی جبکہ تورکہو کے بالائی مقامات اور تریچ میں بھی برفباری کی اطلاع ہے۔

بارش اور برفباری سے سردی میں اضافہ ہوگیا جبکہ پانی کی قلت والے مقامات بارش ہونے پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

سردی اور سوختنی لکڑی کی نایابی سے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا۔ لوئر چترال میں قدرتی جنگلات ختم ہونے سے سوختنی لکڑی کے حصول میں شدید مشکلات ہیں۔

جنوبی وزیرستان

جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی۔ برمل، شکئی، لدھا، سام، مکین، شوال اور پیرغر میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

جنوبی وزیرستان میں برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔

محکمہ موسمیات اسلام آباد کے مطابق آئندہ 3 سے 5 گھنٹوں کے دوران وزیرستان، کرم، بنوں، ہنگو، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، پشاور، نوشہره اور چارسده میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ مہمند، خیبر، باجوڑ، دیر، چترال، سوات، شانگلہ، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ملحقہ علاقوں میں بھی چند مقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک اور ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری رہنے کا امکان ہے۔

مقبول خبریں