کوئٹہ:
ژوب قومی شاہراہ کان مہترزئی کے مقام پر شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سرد موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
برفباری کے پیشِ نظر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی ریسکیو فورس کو ہیوی مشینری سمیت ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
این ایچ اے حکام کے مطابق کان مہترزئی اور گردونواح میں برف ہٹانے اور سڑکوں کی بحالی کے لیے ہیوی مشینری موقع پر موجود ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسکیو آپریشن کیا جا سکے۔
مسافروں کی سہولت اور ممکنہ ایمرجنسی کے پیشِ نظر این ایچ اے کی جانب سے ریسکیو و ریلیف سینٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے جہاں بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
جی ایم این ایچ اے آغا عنایت اللہ کا کہنا ہے کہ تمام قومی شاہراہوں پر این ایچ اے کے اہلکار الرٹ ہیں اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ قومی شاہراہوں سے برف ہٹانے کے لیے ریسکیو آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال رکھی جا سکے۔
این ایچ اے نے مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔