وزیر داخلہ کا وفاقی پولیس اہلکاروں کیلئے پلاٹس اور بیرون ملک اسکالرشپس کا اعلان

نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کو پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے متحرک ادارہ بنایا جائے گا، محسن نقوی


ویب ڈیسک December 31, 2025

اسلام آباد:

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اہم منصوبوں کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن (این پی ایف) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیرِ تربیت اے ایس پیز کو ہر سال آسان اور کم اقساط پر پلاٹس فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ملک بھر سے ہر سال 10 انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز کو اسکالرشپ پر پولیس سے متعلق کورسز کے لیے بیرونِ ملک بھیجا جائے گا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے اعلان کیا کہ 15 کانسٹیبلز کے بیٹے یا بیٹیاں جو پاکستان کی بہترین جامعات میں داخلہ حاصل کریں گے، ان کے تعلیمی اخراجات نیشنل پولیس فاؤنڈیشن برداشت کرے گی۔ مزید برآں ہر سال 5 ایس پی یا ایس ایس پی رینک کے افسران کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں ڈگری کے لیے سکالرشپ پر بیرونِ ملک بھجوانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

محسن نقوی نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے وسائل میں مزید اضافے کے لیے جامع پلان طلب کرتے ہوئے ادارے کو خسارے سے نکال کر سرپلس میں لانے پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کو پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک انتہائی فعال اور متحرک ادارہ بنایا جائے گا۔

اجلاس میں نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے تمام ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مقبول خبریں