لاہور میں معذور بچے کے اغوا کی کوشش ناکام، ملزمہ گرفتار

ملزمہ وہیل چیئر پر بیٹھے بچے کو گریٹر اقبال پارک سے باہر لے جا رہی تھی


ویب ڈیسک December 31, 2025

لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ’’خواتین اور بچوں کے لیے محفوظ پنجاب‘‘ پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ نے بروقت کارروائی کر کے 10 سالہ معذور بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی۔

ترجمان ڈولفن کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم خاتون کھیلنے کے بہانے بچے کو اس کے اہل خانہ سے لے کر فرار ہوگئی۔ دورانِ پٹرولنگ ایک خاتون نے ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ کو بچے کے اغوا کی اطلاع دی، جس پر ٹیم نے فوری طور پر تلاش کا آغاز کیا۔

ڈولفن ٹیم نے تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے بادشاہی مسجد کے ایگزیکٹو گیٹ کے قریب ملزمہ کو گرفتار کر لیا اور 10 سالہ موحد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ ملزمہ وہیل چیئر پر بیٹھے بچے کو گریٹر اقبال پارک سے باہر لے جا رہی تھی۔

بازیاب ہونے والے بچے کو اس کی حقیقی والدہ کے حوالے کر دیا گیا، جنہوں نے بچے کی بحفاظت واپسی پر ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ کا شکریہ ادا کیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار خاتون حادیہ ریکارڈ یافتہ ہے، جس کے خلاف سیالکوٹ میں اغوا اور جعلی پولیس افسر بننے کے دو مقدمات درج ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ دو ماہ قبل اغوا کے ایک مقدمے میں سیالکوٹ جیل سے رہا ہو کر آئی تھی۔ ملزمہ کے موبائل فون سے بھی متعدد مشکوک ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں۔

ملزمہ کے خلاف تھانہ لاری اڈہ میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ایس پی ڈولفن اختر نواز کا کہنا ہے کہ پارکوں، سیاحتی مقامات اور فیملی ایریاز میں ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور یونٹ کا مقصد تفریح کے لیے آنے والی فیملیز اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

ایس پی ڈولفن اختر نواز نے کامیاب کارروائی پر فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ کی پوری ٹیم کے لیے تعریفی اسناد اور کیش ریوارڈ دینے کا بھی حکم دیا ہے۔

مقبول خبریں