تائیوان کو چین کا اٹوٹ اور ناقابل تقسیم حصہ تسلیم کرتے ہیں، پاکستان

چین کے بنیادی مفادات پر غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ


ویب ڈیسک January 02, 2026

اسلام آباد:

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم ون چائنا پالیسی پر بدستور کاربند ہیں اور تائیوان کو چین کا اٹوٹ اور ناقابلِ تقسیم حصہ تسلیم کرتے ہیں۔

 تائیوان سے متعلق حالیہ پیش رفت پر میڈیا کے سوالات کے جواب میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی دوست اور ہر موسم کے اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان چین کے بنیادی مفادات سے متعلق تمام امور، بشمول تائیوان پر اپنی مستقل اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

خیال رہے کہ نئے سال کےموقع پر خطاب میں چینی صدر نے کہا تھا کہ چین سے تائیوان کا دوبارہ الحاق ناگزیر ہے اور اسے روکا نہیں جاسکتا۔ 

شی جن پنگ کا یہ بیان چین  کی جانب سے تائیوان کے قریب  2 روزہ فوجی مشقوں کے خاتمے کے ایک دن بعد سامنے آیا تھا، ان مشقوں کا انعقاد  امریکا کی جانب سے تائیوان کو 11 ارب ڈالر سے زائد کے  ریکارڈ مالیت کے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری کے چند دن بعد کیا گیا تھا۔

مقبول خبریں