معصوم شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، وزیر داخلہ

محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کی کارکردگی کا جائزہ لیا ،منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کییخلاف کریک ڈاؤن کا حکم  دیا


ویب ڈیسک January 04, 2026

وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ، انسانی اسمگلنگ اور حوالہ، ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ حوالہ اور ہنڈی کا غیر قانونی کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس کے خلاف بلا امتیاز مؤثر کارروائی نظر آنی چاہیے۔

یہ ہدایات وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کے دورے کے دوران دیں، جہاں انہیں منی لانڈرنگ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس اور مافیا کے خلاف جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے وزیر داخلہ کو مختلف کیسز، تحقیقات اور اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

وزیر داخلہ نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ انسانی سمگلنگ اور منی لانڈرنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف مزید مؤثر اور نتیجہ خیز کارروائیاں کی جائیں اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے جو نوجوانوں اور معصوم شہریوں کا مستقبل داؤ پر لگا رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ غیر قانونی مالی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے والے جرائم کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، اور ایف آئی اے سمیت تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی گنجائش باقی نہ رہے۔

مقبول خبریں