سندھ رینجرز نے سال 2025 میں مختلف آپریشن بھرپور طریقے سے انجام دیئے اوراپنے بیشتر اہداف حاصل کیے۔
سندھ رینجرزنے سال 2025 میں دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری کے خلاف 672 آپریشنز کیے۔ مختلف کارروائیوں کے دوران 227 ہائی پروفائل ملزمان کوگرفتارکرکے پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا گیا۔
پاکستان رینجرز (سندھ) نے پولیس کے ساتھ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف مشترکہ 58 کارروائیوں کے دوران کچے کے علاقے سے 146 ملزمان کو گرفتارکیا۔ سال 2025 میں ڈکیتی ، اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف مجموعی طور پر 3413 آپریشنز کیے۔
سندھ رینجرز کی جانب سےاسمگلنگ کے خلاف دیگر کارروائیوں کے دوران 8 ارب روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیاء برآمد کی گئیں ، غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس / پانی چوری کے خلاف212 آپریشن کے دوران 59غیر قانونی بور، 460 پانی کے غیر قانونی کنکشن، 32 ہائیڈرنٹس کو مسمار کر کے 113 ملزمان کو حراست اور 88 واٹر ٹینکرز بھی قبضے میں لیے گئے۔
پرائم منسٹر اسپیشل ٹاسک فورس کے تحت غیر قانونی تجاوزات کے خلاف 34 آپریشن کے دوران کراچی پورٹ ٹرسٹ اور پورٹ قاسم اتھارٹی کی 157 ایکڑ زمین واہ گزار کروا کر متعلقہ اداروں کے حوالے کی گئی جس کی مالیت 94 بلین روپے ہے۔
دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر598آپریشنز کیے گئے اور 126 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا جن میں بدنام زمانہ انعام اللہ عرف لالا، نعیم اللہ عرف عمر زالی،محمد طیب عرف محمد (فتنہ الخوارج حافظ گل بہادر گروپ)، عبدالرحمان عرف عبداللہ عرف چارلی (بی ایل اے ) اور اللہ خان عرف عبداللہ محسود (فتنہ الخوارج نور ولی عرف ابو عاصم گروپ) وغیرہ شامل ہیں۔ ان تمام دہشت گردوں کو پولیس کے حوالے کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اغواء برائے تاوان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11 اغواکاروں کو گرفتار کیا گیا۔ان میں اغواء کار وسیم اور نیکسن مسیح کےعلاوہ مزار قائد کے قریب سے ایک اغواء کار گروپ کو جن میں عامر علی، بلال علی، فیصل رانا، گلزاراں شبیر اور گروپ کے سرغنہ محمد نعمان کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا گیا۔
کراچی اور اندرون سندھ منشیات فروشی کے خلاف مختلف آپریشن کے دوران 468.42 کلو گرام حشیش، 14.48 کلو گرام ہیروئن، 193.364 کلو گرام آئس / کرسٹل اور 3.753 کلو گرام افیون برآمد کر کے متعلقہ اداروں کے حوالے کردی گئی۔ ترجمان کے مطابق سندھ ریجرز نےانسداداسمگلنگ کی مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 1.2 ملین لیٹر ایرانی تیل اور 31 گاڑیاں ضبط کرنے کے علاوہ 41 ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کو بمعہ غیر قانونی ایرانی تیل اور گاڑیوں کو مزید قانونی کارروائی کیلئے کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ضبط کیے گئے ایرانی تیل کی مالیت تقریباً 300 ملین روپے سے زائد ہے۔ پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے کراچی اور اندرون سندھ میں امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے مختلف ایونٹس کے انعقاد خاص طور پر پی ایس ایل اور غیر ملکی کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان، مجتلف مذہبی تہواروں کے دوران فول پروف سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی۔
ترجمان نےعوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پررینجرز ہیلپ لائن 1101یا رینجرز مدد گار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔