شمالی کوریا کا ہائپرسونک میزائل تجربات کے بعد ایٹمی جنگ کے لیے مکمل تیاری کا اعلان

کم جونگ اُن نے کہا کہ حالیہ تجربات سے شمالی کوریا کی جوہری افواج کی عملی جنگی تیاری ظاہر ہوتی ہے


ویب ڈیسک January 05, 2026

شمالی کوریا نے جدید ترین ہائپرسونک میزائلوں کے تجربات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی جوہری افواج جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے پیانگ یانگ میں میزائل لانچ مشقوں کی خود نگرانی کی اور کہا کہ موجودہ عالمی جغرافیائی و سیاسی بحران کے تناظر میں یہ تجربات انتہائی ضروری تھے۔

جنوبی کوریا اور جاپان کے مطابق اتوار کے روز پیانگ یانگ کے قریب سے دو بیلسٹک میزائل داغے گئے، جو رواں سال کا پہلا میزائل تجربہ تھا۔

یہ لانچ ایسے وقت میں ہوا جب جنوبی کوریا کے صدر چین کے دورے پر روانہ ہو رہے تھے، جہاں شمالی کوریا کے معاملے پر بات چیت متوقع ہے۔

کے سی این اے کے مطابق کم جونگ اُن نے کہا کہ حالیہ تجربات سے شمالی کوریا کی جوہری افواج کی عملی جنگی تیاری ظاہر ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جوہری دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

شمالی کوریا کے رہنما نے حالیہ عالمی واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے وینزویلا میں کی گئی کارروائی جیسے اقدامات اس بات کی مثال ہیں کہ قومی سلامتی کے لیے مضبوط دفاعی طاقت کیوں ضروری ہے۔ پیانگ یانگ نے امریکی اقدام کو خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ میزائل تجربہ شمالی کوریا کی جانب سے واضح پیغام ہے کہ وہ جنگی روک تھام اور جوہری صلاحیت رکھتا ہے۔

ہائپرسونک میزائل آواز کی رفتار سے کئی گنا تیز ہوتے ہیں اور دورانِ پرواز راستہ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں روکنا مشکل سمجھا جاتا ہے۔

مقبول خبریں