واشنگٹن:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متعدد اہم قومی اور بین الاقوامی امور پر موقف واضح کیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں مظاہرین کے قتل و غارت کا سلسلہ بند ہو گیا ہے اور اگر ایران نے پھانسیاں دینے پر عملدرآمد کیا تو امریکا سخت ایکشن لینے پر مجبور ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا مظاہرین کے خلاف تشدد جاری رکھنے کی صورت میں سخت ردعمل دے گا اور اس کی تحقیقات کی جائیں گی۔
صدر ٹرمپ نے معدنی ذخائر اور سیمی کنڈکٹر چپس کے حوالے سے نئے ایگزیکٹو آرڈرز پر بھی دستخط کر دیے۔
انہوں نے چپس کی فروخت پر 25 فیصد وصولی کی اجازت دینے والا آرڈر منظور کیا۔
بین الاقوامی تعلقات پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا میں جس نے راز فاش کیا تھا، اسے پہچان لیا گیا اور وہ جیل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا کی قیادت سے بات چیت بہت اچھی رہی۔
ڈنمارک کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ تعلقات بہت اچھے ہیں اور گرین لینڈ کی ضرورت ہے، دیکھیں کیا ہوتا ہے۔
معاشی امور پر صدر ٹرمپ نے بتایا کہ امریکا میں 18 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری واپس لائی گئی ہے، جو ملکی معیشت کے لیے اہم سنگ میل ہے۔