اتر پردیش میں بھارتی فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ بچ گئے

بھارتی فضائیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں


ویب ڈیسک January 22, 2026

بھارتی فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ ریاست اتر پردیش میں دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہو گیا، تاہم طیارے میں سوار دونوں پائلٹ محفوظ رہے۔ پولیس اور بھارتی فضائیہ کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا۔

بھارتی فضائیہ نے بتایا کہ یہ مائیکرولائٹ طیارہ پریاگ راج کے قریب بمرولی ایئر فورس اسٹیشن سے معمول کی تربیتی پرواز پر روانہ ہوا تھا کہ دورانِ پرواز تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی۔

صورتحال کے پیش نظر پائلٹس نے طیارے کو غیر آباد علاقے میں ہنگامی طور پر اتار دیا، جس کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

مقامی پولیس افسر منیش شاندلیہ کے مطابق طیارے کے انجن میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوئی تھی، جس کے بعد پائلٹس نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قریبی تالاب میں کنٹرولڈ لینڈنگ کی۔

بھارتی فضائیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں بھارتی فضائیہ کو متعدد فضائی حادثات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جن میں کچھ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہوا۔

مقبول خبریں