کراچی:
شہر قائد کے علاقے محمود آباد میں 100 سے زائد بچوں سے مبینہ بدفعلی کے سنگین مقدمے میں تفتیش کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مرکزی ملزم عمران کا ڈی این اے 8 متاثرہ بچوں سے میچ کر گیا ہے اور ڈی این اے نتائج سامنے آنے کے بعد کیس میں شواہد مزید مضبوط ہو گئے ہیں جب کہ تفتیش کا دائرہ بھی وسیع کر دیا گیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد اس کا پنجاب سے کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق عمران کے خلاف 2018 سے 2023 کے دوران ملتان اور گردونواح میں 8 مختلف مقدمات درج رہے، جن میں بچوں سے بدفعلی، اغوا اور اقدام قتل جیسے سنگین جرائم شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کی بیوی 2024 میں بچوں سمیت اسے چھوڑ کر فیصل آباد منتقل ہو گئی تھی، تاہم اس دوران ملزم پنجاب آتا جاتا رہا۔ پولیس کے مطابق ملزم اس وقت 4 روزہ ریمانڈ پر ہے۔ مزید متاثرہ بچوں اور ممکنہ سہولت کاروں کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔