کراچی:
صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے محکمہ خوراک میں بدانتظامی پر بڑا ایکشن لیتے ہوئے متعدد افسران کو معطل کر دیا ہے۔
صوبائی محکمہ خوراک میں نظم و ضبط کی بحالی کے لیے سخت کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز اور دیگر افسران کے خلاف اقدامات کیے گئے ہیں۔
کارروائی کے تحت اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر لاڑکانہ عبدالوسیم جمالی، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر سکھر قریب اللہ سومرو اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر عمرکوٹ وشن داس کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح شکارپور اور مدیجی کے فوڈ سپروائزرز کو بھی معطل کرتے ہوئے فوری طور پر عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر جامشورو زاہد حسین عمرانی اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر گھوٹکی حاکم علی مہر کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک میں نظم و ضبط کی بحالی کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک میں احتساب کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے اور غیر ذمہ دار افسران کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں گی۔