لاہور میں میں پالتو شیر نے بچے کا بازو چبا لیا

افسوسناک واقعہ سبزہ زار میں ڈولا بریڈنگ فارم پر پیش آیا، ایک ملزم گرفتار


ویب ڈیسک January 24, 2026

لاہور:

سبزہ زار اسی فٹ روڈ ایریا میں پالتو شیر نے بچے کا بازو چبا لیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق افسوسناک واقعہ سبزہ زار میں ڈولا بریڈنگ فارم پر پیش آیا جہاں 8 سالہ واجد علی کھیلتے ہوئے شیروں کے قریب چلا گیا، فارم مالکان نے بچے کو مقامی اسپتال لے جا کر ڈاکٹر کو ہاتھ مشین میں آنے کا بتایا، ڈاکٹروں نے 8 سالہ بچے کی جان بچانے کے لیے ہاتھ کاٹ کر الگ کیا۔

ترجمان کے مطابق مالکان کی وقوعہ پولیس سے چھپانے کی کوشش ناکام ہوگئی، ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کی سربراہی میں پولیس اپنے ذرائع سے سراغ لگا کر اسپتال پہنچی،  بچے کو میڈیکل اور مزید طبی امداد کے لیے گنگا رام اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈولا بریڈنگ فارم عمر اقبال اور علی اقبال کی ملکیت ہے اور وائلڈ لائف سے باقاعدہ لائسنس یافتہ ہے،  واقعہ شیروں کے پنچرے نامناسب اور مالکان کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا، متاثرہ بچہ پھل توڑنے کے لیے فارم ہاؤس میں گیا تھا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیکر ملزمان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا، پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے متاثرہ خاندان کو رقم ادا  کرکے مالی معاونت کی جس کے باعث متاثرین قانونی کارروائی سے گریزاں ہیں۔ متاثرین کی جانب سے کارروائی نہ کروانے پر پولیس مقدمہ کی مدعی بن گئی، مقدمہ میں وائلڈ لائف ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

دوسری جانب چیف وائلڈ لائف رینجر پنجاب مبین الہیٰ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر لاہور کو فوری کارروائی کی ہدایات کردی۔

انہوں نے شہری آبادیوں میں بگ کیٹس رکھنے والوں کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ مبین الہٰی نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کے بعد ملزمان کیخلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت بھی کارروائی ہوگی۔

مقبول خبریں