سانحہ گل پلازہ؛ بیٹے کی لاش نہیں تو باقیات دے دیں تسلی ہو جائیگی، عارف کے والد کی اپیل

لواحقین کا کہنا تھا کہ وہ9دن سے مسلسل گل پلازہ کے چکر لگا رہے ہیں، بیٹے کی کوئی نشانی مل جائے ہم چلے جائیں گے


ویب ڈیسک January 26, 2026

کراچی:

سانحہ گل پلازہ میں لا پتہ ہونے والے نیوکراچی گودھرا کے رہائشی حافظ عارف کے لواحقین کا کہنا تھا کہ وہ9دن سے مسلسل گل پلازہ کے چکر لگا رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ بیٹے کی کوئی نشانی مل جائے ہم چلے جائیں گے،لاش نہیں تو باقیات دے دیں ہمیں تسلی مل جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ گل پلازہ میں لا پتہ ہونے والے نیوکراچی گودھرا کے رہائشی حافظ عارف کے والد نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد جب بیٹے سے آخری مرتبہ بات چیت ہوئی تو بیٹے نے بتایا کہ ابو امی میری جان بچا لو مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہا۔

ہم نے بیٹے سے کہا کلمہ پڑھو ہم آرہے ہیں ہم پہنچے تو گل پلازہ ایک کونے میں آگ لگی تھی دیکھتے ہی دیکھتے آگ ایک جانب سے دوسری جانب تک پھیل گئی میرے قدم بوجھل ہوگئے۔

حافظ عارف کے چچا نے بتایا کہ عارف کے دو بچے ہیں، سوا سال کی بیٹی اور ایک ماہ کا بیٹا ہے، ہم یہاں کیا بریانی کھانے آئے ہیں، ہمارے ووٹوں سے مرتضی وہاب مئیر بنے لیکن میئر کراچی بائیس تئیس گھنٹے کے بعد یہاں آئے، نہیں کرو اس طرح، کسی کی جانوں کے ساتھ ایسا نہ کرو۔

گل پلازہ میں پانچ چھ منٹ میں پوری آگ لگی چاروں طرف سے گل پلازہ کو آگ لگ جانا المیہ ہے، ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

 

مقبول خبریں