لاہور:
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی پرفارمنس پر سوال مت کریں، وہ اپنا رول اچھے طریقے سے نبھا رہا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ جہاں کنڈیشن ملتی ہے وہاں ہم ضرور جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہیں، آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ورلڈ کپ کی تیاری کے حوالے سے اہم ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹی 20 میں کوئی ٹیم بڑی چھوٹی نہیں ہوتی، شارجہ میں افغانستان کو دوسری بہترین ٹیم قرار دیا جا رہا تھا جسے ہم نے ہرایا، پاکستان میں یہی ہوتا ہے جیت جائیں تو دوسری ٹیم کو کمزور قرار دے دیا جاتا ہے۔
صحافی کی جانب سے بابر اعظم کی پرفارمنس سے متعلق سوال پر سلمان علی آغا نے کہا کہ بابر اعظم کے علاوہ بھی سوال کیا کریں، چھوڑ دیں اسکو اور کھیلنے دیں، ٹیم میں باقی 14 کھلاڑی ہیں ان پر بھی بات کرلیا کریں، بابراعظم اپنا رول اچھی طرح نبھا رہا ہے، بگ بیش میں کیا ہوا ہمیں اس سے فرق نہیں پڑتا۔
کپتان قومی ٹیم نے مزید کہا کہ ہر کھلاڑی کو اپنے رول کا علم ہے کوئی پریشانی نہیں ہے، میچ میں ٹیم کی ضرورت کے مطابق رن ریٹ کے مطابق کھیلنا ضروری ہے، کوشش کی گئی ہے کہ پچز سری لنکا جیسی بنائی جائیں، تمام کھلاڑی اپنی صلاحیت کے مطابق کھیلے تو سیریز جیت سکتے ہیں۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ امید ہے قزافی اسٹیڈیم فُل ہوگا، تماشائی آئیں اور ہمیں سپورٹ کریں، ہائی پریشر گیم میں تجربہ کار کھلاڑی بہتر ہینڈل کر سکتا ہے، آسٹریلوی ٹیم چند کھلاڑیوں کے نہ آنے کے باوجود مضبوط ہے۔