9 مئی  مقدمات کی سماعت پھر ملتوی، عمران خان سمیت دیگر ملزمان کو نقول فراہم نہ ہو سکیں

عدالت نے تمام گیارہ مقدمات کی سماعت 21 فروری تک ملتوی کردی


ویب ڈیسک January 30, 2026
(فوٹو: فائل)

راولپنڈی:

9 مئی سے متعلق 11 مقدمات کی سماعت ایک بار پھر ملتوی کردی گئی۔ دوران سماعت  عدالت کو بتایا گیا کہ آج بھی 9 مئی کے 11 کیسز میں چالان کی نقول تقسیم مکمل نہیں ہو سکیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو بھی چالان کی نقول تقسیم نہیں کی جا سکیں۔ اسی طرح سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈاپور، شبلی فراز اور عمر ایوب کو بھی چالان کی نقول فراہم نہیں ہو سکیں۔

سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان کی جیل روبکار پر حاضری لگائی گئی جب کہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بھی لاہور جیل روبکار کے ذریعے حاضری لگائی گئی۔ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ 9 مئی کے 11 کیسز میں چالان کی نقول عدالت میں موجود تھیں، تاہم وصول کرنے والے ملزمان غیر حاضر رہے۔

11 مقدمات میں جی ایچ کیو گیٹ نمبر 4 پر حملہ کیس، آرمی میوزیم حملہ کیس، صدر کے علاقے میں حساس عمارت نذر آتش کرنے کے کیسز شامل ہیں جب کہ میٹرو بس اسٹیشن جلانے اور حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے کیسز بھی ان مقدمات کا حصہ ہیں۔

سماعت کے موقع پر وکلائے صفائی اور سرکاری پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے۔ وکلائے صفائی نے ایک بار پھر اپنے کلائنٹ عمران خان سے ملاقات کی اجازت کے لیے استدعا کی۔ عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ وڈیو لنک سسٹم 3 ماہ گزرنے کے باوجود کمرہ عدالت اور جیل کورٹ میں فعال نہیں ہو سکا۔

بعد ازاں  عدالت نے تمام گیارہ مقدمات کی سماعت 21 فروری تک ملتوی کردی۔

مقبول خبریں