کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی، مسافر سے زیورات سمیت 5.8 کروڑ روپے کا سامان برآمد

مقدمہ درج کرکے برآمد ہونے والی اشیاء کو ضبط کرلیا گیا ہے


ویب ڈیسک January 30, 2026

کسٹمز نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سونے کے زیورات، کاسمیٹکس، پرفیومز اور ہینڈ بیگز پر مشتمل 5 کروڑ 80 لاکھ روپے کا سامان ضبط کرکے ایف آئی آر درج کرلی۔

ایف بی آر کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر پاکستان کسٹمز کی جانب سے 1185 گرام سونے کے زیورات اور کمرشل مقدار میں کاسمیٹکس، پرفیومز اور ہینڈ بیگز کی برآمد کرکے تحویل میں کرلیے گئے۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز معمول کی ڈیوٹی کے دوران پاکستان کسٹمز کے اسپیشل پروفائلنگ سیل (ایس پی ایس) نے پروفائلنگ اور شبہ کی بنیاد پر امریکا سے اتحاد ایئرلائن کے ذریعے آنے والے ایک مسافر کو گرین چینل سے ریڈ چینل کی جانب منتقل کیا۔

اسکیننگ مشین کے ذریعے مسافر کے سامان میں کمرشل مقدار میں کاسمیٹکس، پرفیومز، بیگز اور سونے کے زیورات کی موجودگی ظاہر ہوئی، مسافر کو جانچ کے کاوٴنٹر پر منتقل کیا گیا جہاں اس کی جسمانی تلاشی اور سامان کی تلاشی کے دوران سونے کے زیورات اور کمرشل مقدار میں کاسمیٹکس، پرفیومز اور ہینڈ بیگز برآمد ہوئے۔

سونے کے زیورات کی جانچ اور قیمت کے تعین کے لیے جیولر کو طلب کیا گیا جس نے سونے کے زیورات کی تصدیق کی اور ان کا وزن تقریباً 1185 گرام بتایا، برآمد شدہ سامان کو تحویل میں کر لیا گیا اور کسٹمز ایکٹ 1969ء کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

برآمد شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 58 ملین پاکستانی روپے ہے۔

مقبول خبریں