امریکا نے اسرائیل کو 6.5 ارب ڈالر کے فوجی سازوسامان کی فروخت کی منظوری دے دی

سازوسامان میں 3.8 ارب ڈالر مالیت کے اپاچی ہیلی کاپٹر اور 1.98 ارب ڈالر کے جدید لائٹ وہیکلز شامل ہیں


ویب ڈیسک January 31, 2026

امریکا نے اسرائیل کو 6.5 ارب ڈالر مالیت کے جدید فوجی سازوسامان کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کے مطابق اس فیصلے کے تحت اسرائیل کو مختلف نوعیت کا عسکری سازوسامان فراہم کیا جائے گا جس کا مقصد اسرائیل کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ فروخت کیے جانے والے سازوسامان میں 3.8 ارب ڈالر مالیت کے اپاچی ہیلی کاپٹر اور 1.98 ارب ڈالر کے جدید لائٹ وہیکلز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسرائیل کو نیمر آرمڈ پرسنل کیریئرز کے پاور پیکس، لاجسٹک سپورٹ اور دیگر عسکری آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فوجی فروخت سے اسرائیل کو موجودہ اور مستقبل کے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، جبکہ خاص طور پر زمینی افواج کی نقل و حرکت، آپریشنل استعداد اور لاجسٹک نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کی بھرپور حمایت پر امریکا کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ کئی قانون دان، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور سیاسی حلقے امریکی حکومت سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود امریکا نے اس بڑے دفاعی معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔

 

مقبول خبریں