لاہور:
مناواں کے علاقے میں معصوم بچے کے گٹر میں گرنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا تاہم شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو مین ہول سے نکال لیا۔
لاہور کے علاقے مناواں بی ایم سی اسٹاپ کے قریب بچہ کھلے مین ہول میں گر گیا اور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔
معصوم بچے کے مین ہول میں گرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچے کو مین ہول میں گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بچے کو شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مین ہول سے نکال لیا اور فوٹیج میں نظر آرہا ہے کہ سڑک سے گزرنے والے ایک شہری بچے کو باہر نکالنے کی کوشش کرتے ہیں اسی دوران دوسرا شہری بھی آجاتا ہے اور بچے کو مین ہول سے باہر نکال لیتے ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ہی لاہور میں بھاٹی گیٹ کے قریب ایک خاتون اور ان کی بیٹی مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگئی تھیں، جس کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے اقدامات کی ہدایت کی تھی۔
مذکورہ واقعے کے حوالے سے کارروائی کی گئی تھی اور 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔