مہلک حادثے کے بعد نیا خدشہ، ایئر انڈیا نے اپنا ایک اور بوئنگ ڈریم لائنر طیارہ گراؤنڈ کردیا

یہ وہی سسٹم ہے جو گزشتہ برس ہونے والے ایک مہلک طیارہ حادثے کی تحقیقات کا مرکز بنا ہوا ہے


ویب ڈیسک February 03, 2026

ایئر انڈیا نے اپنے ایک بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے کو اس وقت گراؤنڈ کر دیا جب ایک پائلٹ نے پرواز کے دوران فیول کنٹرول سوئچ سے متعلق مسئلے کی نشاندہی کی۔

یہ وہی سسٹم ہے جو گزشتہ برس ہونے والے ایک مہلک طیارہ حادثے کی تحقیقات کا مرکز بنا ہوا ہے۔

ایئر انڈیا کے مطابق طیارے کو احتیاطی طور پر پروازوں سے ہٹا دیا گیا ہے اور اصل ساز و سامان بنانے والی کمپنی (OEM) کو پائلٹ کے خدشات کا فوری جائزہ لینے کے لیے شامل کیا گیا ہے۔ ایئر لائن کا کہنا ہے کہ اس معاملے سے بھارتی ایوی ایشن ریگولیٹر کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

بوئنگ اور بھارتی وزارتِ شہری ہوا بازی نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی ردِعمل نہیں دیا۔

واضح رہے کہ ٹاٹا گروپ اور سنگاپور ایئر لائنز کی ملکیت ایئر انڈیا کو جون 2025 میں ہونے والے ڈریم لائنر حادثے کے بعد شدید تنقید اور جانچ پڑتال کا سامنا ہے، جس میں 260 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ایئر انڈیا کا کہنا ہے کہ ریگولیٹر کی ہدایت پر گزشتہ سال اپنے تمام بوئنگ 787 طیاروں کے فیول کنٹرول سوئچز کی جانچ کی گئی تھی، تاہم اس وقت کسی قسم کی خرابی سامنے نہیں آئی تھی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق جون 12 کو پیش آنے والے حادثے کی کاک پٹ ریکارڈنگ میں دونوں پائلٹس کے درمیان ہونے والی گفتگو سے عندیہ ملتا ہے کہ طیارے کے کپتان نے انجنوں کو جانے والے ایندھن کا بہاؤ بند کر دیا تھا، جسے امریکی حکام کی ابتدائی تحقیقات کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔

مقبول خبریں