رجنی کانت خاکروب خاتون سے متاثر، سونے کی چین تحفے میں دے دی

سپر اسٹار رجنی کانت نے پدما سے متاثر ہوکر اسے اپنی رہائش گاہ پر مدعو کیا


ویب ڈیسک February 04, 2026

بھارت کے معروف اداکار رجنی کانت نے ایک صفائی کرنے والی خاتون کی غیر معمولی دیانت داری کو سراہتے ہوئے اسے سونے کی چین بطور تحفہ پیش کی، جس پر سوشل میڈیا پر بھی خوب چرچا ہو رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ ماہ چنئی میں ایک مندر کے قریب پیش آیا جہاں سڑک کی صفائی کے دوران پدما نامی خاتون کو زیورات سے بھرا ایک بیگ ملا تھا۔

خبروں میں بتایا گیا کہ پدما نے وہ بیگ اپنے پاس رکھنے کے بجائے فوراً پولیس کے حوالے کر دیا۔ بعد ازاں پولیس نے تحقیقات کے بعد زیورات کے اصل مالک کا سراغ لگا کر انہیں واپس کر دیا۔ اس دیانت داری کے اعتراف میں ریاست تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے پدما کو ایک لاکھ بھارتی روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔

پدما کا یہ اقدام میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا تو ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار رجنی کانت بھی اس سے متاثر ہوئے۔ انہوں نے پدما کو اپنی رہائش گاہ پر مدعو کیا اور اس کی ایمانداری پر اسے سونے کی چین بطور تحفہ دی۔ اس ملاقات کی تصاویر بھی اداکار کی ٹیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کیں۔

تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد مداحوں کی جانب سے رجنی کانت کے اس اقدام کو خوب سراہا جا رہا ہے، جبکہ پدما کی ایمانداری کو بھی ہر طرف تعریف مل رہی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات معاشرے میں دیانت داری اور انسانیت کا مثبت پیغام دیتے ہیں۔

مقبول خبریں