بحیرہ عرب میں بننے والےسمندری طوفان نیلوفرکی انتہائی شدت اب تک برقرار ہے جس کے باعث کراچی میں آج سے جمعے کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان نیلوفر کراچی سے جنوب مغرب میں 875 کلو میٹر فاصلے پر موجود ہے اور طوفان آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال کی جانب بڑھے گا۔ نیلوفرشمال مشرق سندھ کے ساحلی علاقوں اور بھارت کے صوبے گجرات کی جانب بڑھنےکا امکان ہے جبکہ کراچی، زیریں سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں آج سے جمعے کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔
سمندری طوفان نیلوفر کے پیش نظرانتظامیہ نے کراچی کے ساحل سمندر اور ہاکس بے پردفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کردی جبکہ ساحلی علاقوں میں آبادی کو بھی محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔