پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دفاعی پیداوار سمیت مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

بیلا روس کے صدرالیگزینڈرلوکاشینکو وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم نوازشریف نے ان کا استقبال کیا۔


ویب ڈیسک May 29, 2015
بیلا روس کے صدرالیگزینڈرلوکاشینکو وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم نوازشریف نے ان کا استقبال کیا۔ فوٹو: پ ر

پاکستان اور بیلاروس کے درمیان وفود کی سطح ہونے والی ملاقاتوں کے دوران دفاعی پیداوار سمیت مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم نواز شریف اوربیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پرسرمایہ کاری بورڈ اوربیلاروس کی سرمایہ کاری ایجنسی کےدرمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا جب کہ وزیردفاعی پیداواررانا تنویرنے مفاہمت کی یادداشت کی دستاویزات کا تبادلہ بھی کیا۔

تقریب کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بیلاروس کے کسی سربراہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے جب کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اس لئے دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح ہونے والے مذاکرات مثبت اورمعنی خیزرہے۔ انہوں نے کہا کہ مہمان صدر سے ملاقات کے دوران ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر بیلا روس کے صدر نے وزیراعظم نواز شریف کو دورہ بیلا روس کی دعوت دی جسے وزیراعظم نواز شریف نے قبول کیا جب کہ مہمان صدر کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا دورہ بیلاروس اہم ہوگا تاہم پرتپاک خیرمقدم پر حکومت کے شکرگزارہیں۔

اس سے قبل بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم نواز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مہمان صدر کو سلامی دی اور دونوں ملکوں کے ترانے بجائے گئے اور مہمان صدرنے گارڈ آف آنرکا معائنہ بھی کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں