حکمرانوں کو کلین چٹ ملنے کا پہلے ہی بتا دیا تھا طاہرالقادری

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،طاہرالقادری


Numainda Express July 26, 2015
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،طاہرالقادری فوٹو: فائل

پاکستان عوامی تحریک کے قائد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے27 مئی کو میڈیا کے روبرو بتا دیا تھا کہ حکمرانوں کو کلین چٹ ملے گی۔

کمیشن سے مرضی کی رپورٹ آئے تو بلاتاخیر جاری ہو جاتی ہے اور اگر کمیشن کی رپورٹ مرضی کے مطابق نہ ہو تو سال بھر شائع نہیں ہوتی۔ یہاں پریس کانفرنس میں انھوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے انھیں کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے، دھاندلی انتخابات کے دنوں میں ہی نہیں ہوتی بلکہ اس کا آغاز کئی ماہ پہلے سے ہی کر دیا جاتا ہے، مرکزی اور صوبائی حکومت کی ترجیح صرف لوٹ مار ہے، حکمراں جھوٹے وعدوں اور غلط بیانی سے وقت گزار رہے ہیں۔

لوڈ شیڈنگ، مہنگائی کم ہونے کی بجائے بڑھ گئی، ہم حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں اور طرز حکمرانی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ لینے عدالت گئے تو حکومت نے ایک پرائیویٹ وکیل کے ذریعے کمیشن کی قانونی حیثیت کو ہی چیلنج کرادیا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، جب تک ظلم پر مبنی یہ لوٹ کھسوٹ کا نظام ختم نہیں ہو گا دھاندلی ختم نہیں ہو گی۔

بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پسندیدہ نتائج کے لیے حکمراں غیر آئینی طور پر آرڈیننس جاری کررہے ہیں اور بلدیاتی اداروں کے اختیارات چھینے جارہے ہیں،طاہرالقادری نے کہاکہ حکومت کراچی اور دیگر صوبوں میں ٹارگٹ کلنگ نہیں روک سکتی تو ہر متاثرہ خاندان کو ایک نوکری دے۔ دھاندلی پر قائم کمیشن پنجاب حکومت کی جے آئی ٹی سے مختلف نہیں تھا۔ پرویز مشرف کے ساتھ کسی الائنس پر بات نہیں ہوئی۔

مقبول خبریں