ڈیوس کپپاکستانی ٹینس ٹیم کی 10ستمبر کو ترکی روانگی

چائنیز تائپے سے ایشیااوشیاناگروپ2فائنل سے قبل میزبانوں کے ساتھ پریکٹس ہوگی


Sports Desk September 06, 2015
چائنیز تائپے سے ایشیااوشیاناگروپ2فائنل سے قبل میزبانوں کے ساتھ پریکٹس ہوگی فوٹو: فائل

ISLAMABAD: رواں ماہ ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ 2 فائنل میں پاکستان کا مقابلہ چائنیز تائپے سے نیوٹرل وینیو ترکی میں ہوگا، میچز 18 سے 20 ستمبر تک یولوسال ٹینس اگیٹم مرکزی ٹینس کلب میں شیڈول ہیں۔

ٹائی میں شرکت کیلیے پاکستانی ٹیم 10 ستمبر کو ترکی روانہ ہوجائے گی، پلیئرز تیاریوں کے سلسلے میں ٹاپ ترک اسٹارز کے ہمراہ پریکٹس کریں گے، اعصام الحق یوایس اوپن میں اپنی مصروفیات کے بعد ٹیم کو ترکی میں جوائن کر لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے رواں ماہ ایشیا اوشیانا گروپ 2 فائنل میں چائنیز تائپے سے ٹائی کی تیاریوں کیلیے قبل از وقت نیوٹرل وینیو ترکی جانے کا فیصلہ کرلیا، وہاں پہلے پہنچ کر کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کے ساتھ مقامی ٹاپ پلیئرز بھی پریکٹس میں مدد فراہم کریں گے۔

ٹیم فائنل جیت کر9 برس بعد گروپ ون میں جگہ بنانے کیلیے پُرامید ہے، قومی نمبرون پلیئر عقیل خان، عابد علی اکبر اور نان پلیئنگ کپتان حمید الحق پر مشتمل اسکواڈ 10 ستمبر کو ترکی روانہ ہوجائے گا۔ ''ایکسپریس ٹریبیون'' سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری خالد رحمانی نے کہا کہ ٹائی سے کچھ وقت قبل ترکی جانا پلیئرز کیلیے بہترین موقع ہے، وہ وہاں ماحول سے ہم آہنگ ہونے کے ساتھ مقامی ٹاپ اسٹارز کے ہمراہ پریکٹس بھی کریں گے، اس سے انھیں تیاریوں میں مدد ملے گی۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے لیے گروپ کا فائنل بہت اہمیت رکھتا ہے، واضح رہے کہ یہ پاکستان کی ہوم ٹائی اور چائنیز تائپے کے مطالبے پر اس کا انعقاد نیوٹرل وینیو پر کیا جارہا ہے، خالد رحمانی نے مزید بتایا کہ ترکی میں ان مقابلوں کا انعقاد ممکن بنانے کیلیے ہمیں اندازاً 4 ملین روپے خرچ کرنا ہوں گے، عقیل اور اکبر نے ٹائی کی تیاریوں کیلیے اسلام آباد میں منعقدہ 2 ہارڈ کورٹ ایونٹس میں بھی شرکت کی تھی، اسکواڈ میں شامل ایک اور کھلاڑی سمیر افتخار 11 ستمبر کو ترکی روانہ ہوں گے۔

مقبول خبریں