کامن ویلتھ یوتھ گیمز ویٹ لفٹر طلحہٰ طالب نے چاندی کا تمغہ جیت لیا

عثمان آج ایکشن میں دکھائی دیں گے،اسکواش میں سعدیہ اوراسرارکی ابتدائی فتوحات


Sports Desk September 08, 2015
رواں برس ایشین یوتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے عبدالرحمان جمعرات کو77 کے جی کیٹیگری میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے: فوٹو : فائل

کامن ویلتھ یوتھ گیمز میں پاکستان کے طلحہٰ طالب نے ویٹ لفٹنگ میں سلور میڈل جیت لیا، انھوں نے یہ اعزاز 56 کے جی کیٹیگری میں حاصل کیا، 62 کے جی کیٹیگری میں محمد عثمان منگل کو ایکشن میں دکھائی دیں گے، اسکواش ایونٹ میں سعدیہ گل اور اسرار نے ابتدائی میچز جیت کر دوسرے مرحلے میں جگہ بنالی۔

تفصیلات کے مطابق اوشیانا میں واقع جزیرے سمائو میں جاری کامن ویلتھ یوتھ گیمز میں پاکستانی ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کرلیا، مین اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ 56 کے جی کیٹیگری میں طلحہ نے مقابلے میں شریک دیگر 11 پلیئرز کو پیچھے چھوڑا، انھوں نے اسنیچ میں 102 کے جی وزن اٹھایا جبکہ کلین اور جرک میں ان کا اسکور 115رہا،اس موقع پر شائقین نے 16 سالہ طلحہٰ کو شاندار پرفارمنس پر دل کھول کر داد پیش کی، 62 کے جی کیٹیگری میں پاکستان کے دوسرے ویٹ لفٹر محمد عثمان منگل کو ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

رواں برس ایشین یوتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے عبدالرحمان جمعرات کو77 کے جی کیٹیگری میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے، انھیں ایونٹ میں بھارت، کیمرون اور آسٹریلیا کے پلیئرز کا چیلنج درپیش ہوگا، اسکواش ایونٹ میں سعدیہ گل اور اسرار نے ابتدائی میچز جیت لیے، ٹینس میں ردا خالد پہلے مرحلے میں ناکام ہوگئیں، مزمل کا ابتدائی مقابلہ منگل کو شیڈول ہے، پاکستان کے دونوں باکسرز پہلی آزمائش میں ہی ہارگئے۔

مقبول خبریں