کامن ویلتھ یوتھ گیمز پاکستانی اسکواش پلیئرز کی مایوس کن کارکردگی

ایشین چیمپئن اسرار اور سعدیہ سیمی فائنل میں ناکامی کے بعد برانز میڈل میچ بھی ہار گئے


Sports Desk September 09, 2015
ٹینس میں مزمل لاسٹ ایٹ میں شامل،62کے جی ویٹ لفٹنگ میں عثمان کا پانچواں نمبرفوٹو : فائل

کامن ویلتھ یوتھ گیمز میں پاکستان اسکواش میں بھی کوئی میڈل نہ حاصل کرسکا، اسرار احمد اور سعدیہ گل سیمی فائنل میں ہمت ہار گئے، برانز میڈل مقابلوں میں بھی دونوں ناکام رہے، ویٹ لفٹنگ بوائز62 کے جی کیٹیگری میں محمد عثمان پانچویں نمبر پر آئے۔

ٹینس میں مزمل مرتضی نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، تمغے کیلیے امیدیں برقرار رکھنے کے لیے انھیں بدھ کو ویلز کے میتھیوز سٹورے کو زیر کرنا ہوگا۔ سمائو میں جاری ایونٹ کے دوسرے روز میڈلز کیلیے فیورٹ گیمز اسکواش میں پاکستانی کھلاڑیوں نے مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا، بوائز سیمی فائنل میں ایشین چیمپئن اسرار احمد انگلینڈ کے پیٹرک جیمز رونی سے 8-11,2-11 اور 0-11 سے ہار گئے۔

بعدازاں برانز میڈل کے لیے ان کا مقابلہ بھارتی حریف ویلاوین سے تھا لیکن اسرار میچ میں شریک نہ ہوسکے جس کی بدولت بھارتی پلیئر کو کانسی کا تمغہ مل گیا، اس ایونٹ میں ملائیشیا کے ایوان یو نے گولڈ اور انگلش پیٹرک رونی نے سلور میڈل جیتا۔ گرلز سیمی فائنل میں بھی پاکستانی کھلاڑی سعدیہ گل نیوزی لینڈ کی الینور کیخلاف 0-3 سے ہار کرسونے کی تمغے کی دوڑ سے باہر ہوگئیں، برانز میڈل میچ میں انھیں سری لنکا کی مہیلی میتھسارانی نے 0-3 سے ہرایا۔ ٹینس میں پاکستانی جونیئر اسٹار محمد مزمل نے پری کوارٹر فائنل میں پاپوا نیو گینی کے میتھیو سٹوبنگز کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے مات دی،ان کی فتح کا اسکور3-6,6-4 اور6-2 رہا، پاکستانی کھلاڑی کوارٹر فائنل میں بدھ کو ویلز کے میتھیو سٹورے سے مقابلہ کریں گے۔

یادرہے کہ گرلز ٹینس سنگلز میں پاکستان کی جانب سے ردا خالد نے حصہ لیا لیکن وہ ابتدائی رائونڈ میں ہی ہار گئی تھیں۔ پاکستان کو واحد چاندی کا تمغہ جتوانے والے ویٹ لفٹنگ مقابلوں کی 62 کلو گرام کیٹیگری میں محمد عثمان امیدوں پر پورا نہ اتر پائے، انھوں نے فائنل رائونڈ میں شریک 8 ویٹ لفٹرز میں سے پانچویں پوزیشن حاصل کی، ویٹ لفٹنگ 77 کلو گرام کیٹیگری فائنل میں پاکستانی عبدالرحمان بدھ کو ایکشن میں نظر آئیں گے، ان سے بھی میڈل حاصل کرنے کی قوی امید ہے۔

مقبول خبریں