بلال آصف کے مایوس چہرے پر مسکراہٹ واپس آگئی

اسپنرکے بغیرکھیلے زمبابوے سے واپسی کا خطرہ ٹل گیا، ون ڈے اسکواڈ میں بھی شمولیت


Sports Desk October 01, 2015
اسپنرکے بغیرکھیلے زمبابوے سے واپسی کا خطرہ ٹل گیا، ون ڈے اسکواڈ میں بھی شمولیت ۔فوٹو : فائل

KARACHI: آف اسپنر بلال آصف کے مایوس چہرے پر مسکراہٹ واپس آگئی،اسپنرکی بغیرکھیلے زمبابوے سے واپسی کا خطرہ ٹل گیا، سلیکٹرز نے انھیں ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنا لیا، ہرارے میں کامیاب رہنے پر انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا پروانہ مل جائے گا، چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہاکہ انگلش ٹیم میں لیفٹ ہینڈرز کی بھرمار کے باعث ہمیں ایک آف اسپنر درکار ہے۔

تفصیلات کے مطابق آف اسپننگ آل راؤنڈر بلال آصف کو زمبابوے کیخلاف ٹوئنٹی 20 میچز کے لیے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا مگر میدان میں اترنے کا موقع ہی نہیں مل سکا، جس سے ان کی بغیر کھیلے واپسی کا امکان تھا مگر اب صلاحیتوں کے اظہار کا ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید نے واضح کیا کہ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل بلال آصف کو ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

اسپنرکو اسکواڈ میں برقرار رکھنے کی درخواست ٹیم مینجمنٹ نے منیجر انتخاب عالم کے توسط سے کی، مصباح کے ساتھ الگ مشاورت میں ہم نے فیصلہ کیا کہ آصف کو انگلینڈ کیخلاف ایک اور اسپن آپشن کے طور پر آزمانا چاہیے۔

ٹیسٹ کپتان سمجھتے ہیں کہ انگلینڈ کی ٹیم میں 5 لیفٹ ہینڈڈ بیٹسمین شامل اور ہمارے پاس حفیظ کی بولنگ خدمات میسر نہ ہونے کی وجہ سے اسکواڈ میں کوئی آف اسپن آپشن موجود نہیں ہے۔ اس لیے بلال آصف کو موقع دینا چاہیے۔

یاد رہے کہ 13 اکتوبر سے ابوظبی میں انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی تین ٹیسٹ کی سیریز کیلیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جاچکا ہے، جس میں لیگ اسپنر یاسر شاہ اور لیفٹ آرم اسپنر ذوالفقار بابر موجود ہیں۔ ہارون رشید نے مزید کہا کہ ہم نے انگلینڈ سے ٹور میچز کیلیے اے ٹیم میں 2 آف اسپنرز شامل کیے ہیں لیکن اگر بلال زمبابوے سے میچز میں اچھا کھیل پیش کرتے ہیں تو پھر انھیں ہی بطور 16ویں ممبر اسکواڈ میں شامل کرلیاجائے گا۔

مقبول خبریں