ہرارے کی خوشگواریادوں نے یاسر شاہ میں بجلیاں بھر دیں

سخت محنت سے اعتماد کافی بلند ہوگیا(نوجوان بولر)اسپنرز نے عمدہ بولنگ کی،اظہر


Sports Desk October 02, 2015
سخت محنت سے اعتماد کافی بلند ہوگیا(نوجوان بولر)اسپنرز نے عمدہ بولنگ کی،اظہر ۔ فوٹو : اے ایف پی

ہرارے کی خوشگواریادوں نے یاسر شاہ میں بجلیاں بھر دیں، ڈیبیو وینیو پر لیگ اسپنر کا جادو چڑھ کر بولا، ان کا کہنا ہے کہ سخت محنت سے اعتماد کا لیول کافی بلند تھا۔ کپتان اظہر علی نے کہاکہ شروع میں قدم ڈگمگائے مگر سرفراز اورشعیب ملک کی بروقت شراکت کام کرگئی۔

اسپنرز نے عمدگی سے اپنا کام کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے پہلے ون ڈے میں زمبابوے کو 131 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی، اس کامیابی میں لیگ اسپنر یاسرشاہ نے 6 وکٹیں لے کر اہم کردار ادا کیا۔ ہرارے اسپورٹس کلب وہی وینیو ہے جہاں انھوں نے 14 ستمبر 2011 کو ڈیبیو پر2وکٹیں لی تھیں،اس کے بعد وہ ٹیم میں کافی عرصے تک جگہ ہی نہیں بناسکے تھے، مگر گذشتہ سال کم بیک کے بعدسے ان کی کارکردگی میں کافی بہتری آئی، اس لیے ڈیبیو وینیو پر ایک بار پھر اپنا رنگ جما دیا۔

میچ کے اختتام پر بات چیت میں مین آف دی میچ یاسر شاہ نے کہا کہ میں نے اس گراؤنڈ پر اپنا پہلا میچ کھیلا تھا،اب دوبارہ یہاں لوٹنے اور ٹیم کی کامیابی میں حصہ ڈالنے پر خوش ہوں، میں نے بہت سخت محنت کی، آف سیزن سے واپسی پر کوئی مشکل محسوس نہیں ہوئی، میں مکمل طور پر پراعتماد تھا۔ فاتح کپتان اظہر علی نے کہا کہ بطور ٹیم ہم نے اچھا پرفارم کیا، شروع میں تھوڑی مشکل پیش آئی مگر سرفراز احمد اور شعیب ملک کی پارٹنر شپ نے اعتماد بحال کیا۔

رضوان اور عماد وسیم نے بہت ہی عمدگی سے کھیلے، اپنی ٹیم کے ٹوٹل سے مطمئن تھا کہ ہم اس کا کامیابی سے دفاع کرلیں گے،انھوں نے کہا کہ یاسر شاہ، عماد اور شعیب پر مشتمل اسپن اٹیک نے اپنی ذمہ داری عمدگی سے ادا کی۔ میزبان کپتان ایلٹن چگمبرا نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے ہم سے بھی زیادہ عمدگی سے کنڈیشنز کا استعمال کیا، خاص طور پر اسپنرز چھائے رہے، اگلا میچ ہمارے لیے کافی اہم اورکم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔

مقبول خبریں