شنگھائی ماسٹرز ٹینس دفاعی چیمپئن راجر فیڈر پہلی آزمائش میں ناکام

سوئس ماسٹر کو دوسرے ہی مرحلے میں غیرمعروف البرٹ راموس وینولاس نے ٹھکانے لگادیا۔


Sports Desk October 14, 2015
سوئس ماسٹر کو دوسرے ہی مرحلے میں غیرمعروف البرٹ راموس وینولاس نے ٹھکانے لگادیا۔ فوٹو : اے ایف پی

KARACHI: شنگھائی ماسٹرز میں دفاعی چیمپئن راجرفیڈرر کو اپ سیٹ شکست ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق اسپینش پلیئر البرٹ راموس وینولاس نے شنگھائی ماسٹرز میں بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن راجرفیڈرر کو ٹھکانے لگادیا، عالمی نمبر 3 پلیئر کو ورلڈ رینکنگ میں 70ویں پوزیشن کے حامل وینولاس نے حیران کن طور پر 7-6 (7/4)، 2-6 اور6-3 سے شکست دے دی۔

شکست پر 34 سالہ فیڈرر پھیکی مسکراہٹ کے ساتھ شائقین کو ہاتھ لہراتے ہوئے ٹینس کورٹس سے باہر چلے گئے، انھوں نے گذشتہ برس یہاں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ اس سے قبل 2006 اور2007 میں بھی وہ شنگھائی کے چیمپئن بنے تھے، دوسرے مرحلے کے ایک اور مقابلے میں کروشیا کے مارن کلک نے ہموطن بورنا کروسک کو 6-1 اور6-2 سے زیر کرلیا،فرسٹ راؤنڈ کے میچزمیں کینیڈا کے ویساک پوسپیسل نے اطالوی حریف سیمون بولیلی کو 6-3،6-4 سے ہرادیا۔

ان کے ہموطن 9 سیڈ میلوس راؤنک نے برازیلین کھلاڑی تھامس بیلوسی کو 7-6 (7/5)، 7-6 (7/2) سے قابو کرلیا، ڈیوڈ گوفن نے جاپانی حریف گو سوئیڈا کو 6-4،6-2 سے مات دے دی، امریکی کھلاڑی جیک سوک نے پولینڈ کے لوکاس کوبوٹ پر 6-4،6-2 سے غلبہ پالیا۔دوسری جانب تیان جن میں جاری ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ میں یوایس اوپن چیمپئن فلاویا پنیٹا پہلے راؤنڈ کی مہمان بن گئیں، انھیں عالمی درجہ بندی میں 414 ویں پوزیشن پر فائز یوکرینی کھلاڑی لیڈمائل کیچونوک نے اسٹریٹ سیٹ میں 6-3،7-5 سے ہرادیا،ان کے علاوہ سیکنڈ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا نے یوکرینی کوالیفائر اولگا سیوچوک کو 6-1، 6-0 سے قابو کرلیا۔

تھرڈ سیڈ کیرولینا پلسکووا نے سلواکین حریف کرسٹینا کوسوا کو 3-6، 6-3 اور7-5 سے مات دے دی۔ادھر ہانگ کانگ اوپن کے ویمنز سنگلز میں تھرڈ سیڈ امریکی اسٹار وینس ولیمز نے یوکرین کی یولیا بیگل زیمر کو 2-6، 6-4 ،6-4 سے مات دے دی، 4 سیڈ سربیا کی جیلینا جینکووچ نے رومانیہ سے تعلق رکھنے والی اینا بوگدان کو 6-4 ،6-2 سے قابو کرلیا، 5 سیڈ سمانتھا اسٹوسر نے ریسا اوزاکی کو 6-3،6-1 سے زیر کرلیا، 6 سیڈ ڈریا گیوریلووا نیمیو کاٹو پر 7-5،6-3 سے غلبہ پالیا، 7 سیڈ کیرولین گارشیا نے لورین ڈیویس کیخلاف 6-1،6-3 سے کامیابی حاصل کی۔

آسٹرین شہر لنز میں شروع ہونے والے ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ میں کمیلا جیورجی نے جولیا گوریجس کو 6-3،6-4 سے مات دیکر دوسرے مرحلے میں جگہ بنالی، امریکی کھلاڑی میڈیسن برینگل نے جاپانی حریف میساکی ڈوئی کو 6-0،6-3 سے قابو کرلیا، الیسون وان یوٹوانک نے جمہوریہ چیک کی لوسیا ہارڈیکا کو 6-2، 7-5 سے ہرادیا۔

مقبول خبریں