شعیب ورلڈ کپ 2019 میں ملک کی نمائندگی کے خواہاں

مختصر فارمیٹ میں بھرپور توجہ دینے کیلیے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہا ہے، اسٹار بیٹسمین


Sports Desk November 23, 2015
مختصر فارمیٹ میں بھرپور توجہ دینے کیلیے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہا ہے، اسٹار بیٹسمین۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD: شعیب ملک ورلڈکپ 2019 میں شرکت کے خواہاں ہیں،آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ فارم اور فٹنس پر بھرپور توجہ دینے کیلیے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ وہ ورلڈ کپ 2019کے تک پاکستان کیلیے کھیلنا چاہتے ہیں، صحت اور فٹنس بہتر ہے، اس پر مزید توجہ دینے کیلیے ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا فیصلہ کیا ہے، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے فارم اور فٹنس برقرار رکھنے کیلیے بہت توجہ کی ضرورت ہوتی ہے، اگر آپ زندگی میں کچھ حاصل کر نا چاہتے ہیں تو اس کا واحد نسخہ سخت محنت ہے، اس لیے ٹیم میں موجود ہوں یا باہر ہوجاؤں ٹریننگ کا سلسلہ کبھی نہیں ٹوٹنے دیا، اگر آپ جسمانی طورپر فٹ ہوں تب ہی اپنے اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔

ایک سوال پراسٹار بیٹسمین نے کہا کہ کرکٹ میرا جنون ہے میرے والد بھی چاہتے تھے کہ میں طویل عرصہ کھیلوں، آج وہ ہم میں موجود نہیں لیکن میں آج بھی اسی جذبے سے کھیلتا ہوں، اسی کی بدولت مزید محنت کر نے کی تحریک بھی ملتی ہے، جب میچزنہیں ہوتے تو میں روزانہ جم جاتا ہوں۔

شعیب ملک نے کہا کہ عام آدمی کو بھی معمول کی زندگی میں فٹ رہنے کیلیے ٹریننگ کرنا پڑتی ہے ہمیں تو اس کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ دبئی کے نجی ہسپتال کے اپنے حالیہ دورے کے بارے میں شعیب ملک نے کہا کہ عوام کی صحت کیلیے سہولیات فراہم کرنے والے لوگوں کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے، یہ لوگ انسانیت کی خدمت کررہے ہیں، یہاں اسٹاف کیساتھ مریضوں سے مل کر خوشیاں بانٹنے کی کوشش کی جس سے مجھے خود بھی بڑا سکون ملا۔

مقبول خبریں