18ہزار کلو گرام تک ایفی ڈرین لینے والی 21کمپنیوں کے خلاف کارروائی معطل

اے این ایف نے28 کمپنیوںپر اسمگلنگ کاالزام لگایاتھا،صرف7کیخلاف مقدمات درج کیے،سپریم کورٹ آج سماعت کریگی


Qaiser Sherazi October 25, 2012
اے این ایف نے28 کمپنیوںپر اسمگلنگ کاالزام لگایاتھا،صرف7کیخلاف مقدمات درج کیے،سپریم کورٹ آج سماعت کریگی ، فوٹو : فائل

اینٹی نارکوٹکس فورس نے ایفی ڈرین کا500 کلو سے18ہزارکلو تک مبینہ طور پر غیر قانونی کوٹہ حاصل کرنے والی21 بڑی فارما سیوٹیکل کمپنیوں کیخلاف رپورٹ تیارکرنے کے باوجود ان کیخلاف کارروائی روک دی ہے۔

اس انکوائری رپورٹ میں اے این ایف کی ٹیم نے قرار دیا تھا کہ 99کمپنیوں میں سے28فارما سیوٹیکل کمپنیوں نے ایفی ڈرین کا غیر قانونی کوٹا حاصل کرکے ایفی ڈرین کی اسمگلنگ کی ہے ان کمپنیوں میں سے اے این ایف نے صرف7کمپنیوںکیخلاف مقدمات درج کیے ہیں ان میں سے5کمپنیوںکے مالکان اور ڈائریکٹرزکیخلاف2ماہ سے مقدمات درج کیے جانے کے باوجودکارروائی روک دی گئی ہے۔ اے این ایف نے ان فارما سیوٹیکل کمپنیوںکیخلاف سپریم کورٹ میں بھی انکوائری رپورٹ پیش کی ہے،اس مقدمے کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی۔

وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین، علی موسیٰ گیلانی سمیت دیگر ملزمان کیخلاف ایفی ڈرین کے مرکزی مقدمے کا حتمی چالان عیدکے بعد پیش کیاجائیگا ۔دریں اثناء لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صغیر احمد قادری اور جسٹس مامون الرشید شیخ نے ایفی ڈرین کوٹا کیس میں نامزد مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کی عبوری ضمانت میں یکم نومبر تک توسیع کر دی ہے اور حکم دیا ہے کہ سائل کو تنگ اور ہراساں نہ کیا جائے۔

مقبول خبریں