داعش نے افغانستان کے 4 اضلاع پر قبضہ کرلیا ڈرون حملے میں 6 شدت پسند ہلاک

قبضہ جلال آباد کے جنوب میں کیا گیا، چاروں اضلاع داعش سے وفاداری کا حلف اٹھانے والے1600 جنگجوؤں کے کنٹرول میں ہیں


INP December 07, 2015
داعش کے قبضے کے باعث ہزاروں مقامی باشندے نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

داعش نے افغانستان کے 4 اضلاع پر قبضہ کرلیا جب کہ امریکی ڈرون حملے میں 6 شدت پسند مارے گئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق افغانستان میں داعش کے جنگجوؤں نے اپنی خود ساختہ خلافت کا ایک اور صوبہ قائم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے 4مشرقی اضلاع پرقبضہ کرلیا۔ اب جلال آباد سے جنوب کی طرف واقع 4 اضلاع داعش سے وفاداری کا حلف اٹھانے والے تقریباً 1600 جنگجوؤں کے کنٹرول میں ہیں۔ وہاں ایسے ہی بے رحمانہ طریقے زیر استعمال ہیں جو شام اور عراق کے داعش کی جانب سے قبضہ کردہ علاقوں میں اپنائے گئے ہیں۔ ہزاروں مقامی باشندوں کو نقل مکانی کرنا پڑرہی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق ماہانہ 500 تک افغان فوجی داعش کے ہاتھوں ہلاک ہوجاتے ہیں۔ دریں اثنا مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے 6 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق دہشت گرد گروپ کی تازہ ترین ہلاکتیں ضلع ایچن میں فضائی حملے کے نتیجے میں سامنے آئی ہیں۔ شمالی صوبہ سرائے پل میں 12 سالہ خودکش حملہ آور نے خودکو پولیس کے حوالے کردیا۔ بچے کا کہنا تھاکہ اسے گزشتہ 3 ماہ سے خودکش بمبار بننے کی تربیت دی جارہی تھی۔

مقبول خبریں