بھارت میں غریب افراد کیلیے ’’روٹی بینک‘‘ بھی کھل گیا

شہر اورنگزیب آباد میں یوسف مکتی نے یہ بینک کھولا، روزانہ 500 افراد کھانا لیتے ہیں


INP December 30, 2015
امیر لوگوں کو اس بینک میں روٹی جمع کرانے اور غریبوں کو وصول کرنے کی سہولت ہے ۔ فوٹو : فائل

بھارت میں بڑھتی ہوئی غربت کے باعث غریب افراد کے لئے ''روٹی بینک'' بھی کھل گیا ہے۔

بھارتی شہر اورنگزیب آباد میں روٹی بینک کھولا گیا ہے جہاں لوگ روٹی جمع کرا سکتے ہیں جب کہ غریب حسب ضرورت وصول کر سکتے ہیں، ایسا ہی ایک بینک مہا راشٹرا میں بھی کھولا گیا تھا جو کامیابی سے چل رہا ہے، ایک مقامی شخص یوسف مکتی نے یہ بینک شروع کیا اور ابتدائی طور پر اس کے 250 ارکان تھے۔ جس میں بہت جلد 25 فیصد اضافہ ہو گیا۔

یوسف مکتی کا کہنا ہے کہ ہمارے ''روٹی بینک'' سے روزانہ 500 افراد کھانا حاصل کرتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ جب ابتدائی طور پر یہ کام شروع کیا گیا تو لوگوں کو عجیب لگا مگر اب سب لوگ اسے عوامی خدمت سمجھتے ہیں، بینک سے پیشہ ور بھکاریوں کو کھانا نہیں دیا جاتا جب کہ مختلف شادی کی تقریبات سے بڑی مقدار میں کھانا آ جاتا ہے جسے غریبوں کو بانٹ دیا جاتا ہے، مستحقین کو خصوصی کوڈ جاری کیے گئے ہیں جنھیں دکھا کر وہ کھانا حاصل کر سکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ بینک کی ممبر شپ کیلیے ایک فارم پر کرنا پڑتا ہے اور جو بھی گھر میں پکا ہو، 2 روٹیوں کے ساتھ بینک میں بھجوانا ہوتا ہے۔

مقبول خبریں